خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں منتخب ناظمین ،دیہی،ملحقہ کونسل کے اراکین کیلئے یکم ستمبر2015سے اعزازیے اور الائونسز کا اعلان کر دیا

منگل 6 دسمبر 2016 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں منتخب ناظمین ،دیہی،ملحقہ کونسل کے اراکین کے لئے یکم ستمبر2015سے اعزازیے اور الائونسز کا اعلان کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ناظم و دیہی اور ملحقہ کونسل کا اعزازیہ سال2015-16کے لئے 10ہزار روپے ،ٹیلی فون اخراجات 2ہزار روپے اور تفریحی الائونس 2ہزار روپے ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح نائب ناظم دیہی و ملحقہ کونسل کیلئے اعزازیہ سات ہزار روپے اور ممبر دیہی و ملحقہ کونسل کیلئے اعزازیہ200روپے فی دن / سیشن دئیے جائیں گے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹیلی فون چارجز سرکاری لینڈ لائن (NTC) اورسیلولر موبائل فون دونوں پر ناظم کے دعوے اور بیک وقت بل کی فراہمی پر ہوں گے۔صرف کونسلر ز کا روزانہ اعزازیہ متعلقہ سیکرٹری کے رجسٹر میں حاضری کے اندراج کی صورت میں ہی دیا جائے گا۔اس امر کا اعلان محکمہ بلدیات ، دیہی ترقی اورالیکشن حکومت خیبر پختونخواکی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کیا گیا۔