ْماہرین زراعت کی کاشتکاروں کوبھرائی سے قبل آلوؤں پر لگی مٹی اچھی طرح صاف کرنے کی ہدایت

جمعرات 8 دسمبر 2016 16:15

فیصل آباد۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو آلو کی درجہ بندی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار 35 سے 55ملی میٹر گولائی تک کے انڈے کے سائز کے برابر آلو کو بطور بیج استعمال کرنے کیلئے الگ کرلیں ۔ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ کاشتکاروں کو بھرائی سے پہلے آلوؤں پر لگی مٹی اچھی طرح صاف کر لینی چاہیے اور بھرائی کیلئے پٹ سن کی بوریا ں بھی استعمال کرنی چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ڈھیلی بھری ہوئی بوریوں کے نرخ ہمیشہ کم لگتے ہیں اس لئے درجہ بندی کرنے پر فصل کے بہتر نرخ کاحصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کٹ لگے یا رگڑ سے خراب ہونے والے آلوؤں کی بھرائی ہمیشہ صحت مند آلوؤں سے الگ کرنی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ اس کیلئے بہتر اور آسان طریقہ یہ ہے کہ آلوؤں کو زمین سے نکال کرٹوکروں میں بھر دیاجائے اور پھر صاف زمین پر پلٹ کر آلوؤں پر لگی تمام مٹی جھاڑ دی جائے جس کے بعد درجہ بندی میں آسانی ہو سکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔