مڈھوں کی تلفی کامقصد سنڈیوں اور فصلوں کے دشمن کیڑوں کو تلف کرکے پیداوار میں بہتری لانا ہے،ماہرشعبہ حشرات

جمعرات 8 دسمبر 2016 16:15

فیصل آباد۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء)مڈھوں کی تلفی کامقصد سنڈیوں اور فصلوں کے دشمن کیڑوں کو تلف کرکے کماد ، چاول ، مکئی ، کپاس کی پیداوار میں بہتری لانا ہے۔ ماہرین شعبہ نے بتایاکہ فصل ختم ہونے پر سنڈیاں سردیوں کا موسم مُڈھوں میں گزارتی ہیںاس لئے اگر مُڈھوں کو تلف کردیں گے تو سنڈیاں خود بخود تلف ہوجائیںگی جس سے نئی کاشتہ فصلات مختلف نقصان رساںکیڑوں اور سنڈیوں کے حملے سے کافی حد تک محفوظ ہوجائیں گی ۔

انہوںنے کہاکہ اس طرح ہمیں زہروں کے استعمال کرنے کی بہت کم ضرورت پیش آئے گی اور فی ایکڑ پیداوار بھی بڑھ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہمارے کھیتوں میں کماد، دھان ، کپاس ،مکئی اور چری کے مُڈھ موجود ہیںنیز کماد کے مُڈھوں میں تنے کی سنڈی،جڑ کی سنڈی اور گُرداس پور سنڈی سردیاں گزار تی ہیںاس لئے اگر ہم زمین سے برابرکی سطح پر کماد کی کٹائی کر یں گے توکافی حد تک مڈھوں میںموجود سنڈیاں تلف ہوجائیں گی جس کے بعد فصل کی کٹائی مکمل ہونے پر کھیتوں میں اچھی طرح سے روٹا ویٹر چلانے پر مُڈھ کھیتوں میں ہی کُترے جائیںگے اس طرح سے بچی ہوئی سنڈیاں بھی تلف ہوجائیںگی اور ہماری آنے والی فصل بھی سنڈیوں سے محفوظ رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دھان،مکئی اور چری کے مُڈھوں میں بھی سنڈیاں سردیوں کا موسم گزارتی ہیںلہٰذا فصل کی کٹائی کے فوراًبعد کھیتوں میں روٹا ویٹر چلایا جائے جس کے بعد گندم یا کوئی اور فصل کا شت کی جائے یا خالی چھوڑ دیا جائے تاکہ فصل کی کٹائی کے بعد تمام مُڈھ تلف ہوجائیں۔انہوںنے کہاکہ کپاس کے مڈھوں کی تلفی بھی بہت ضروری ہے اس لئے آخری چنائی مکمل ہونے پر کھیتوں میں بھیڑ بکریاں چرائی جائیں تاکہ وہ بچے ہوئے پتے اور ٹینڈے کھالیں کیونکہ گلابی سنڈی کی پرورش ڈوڈیوں کے اندر ڈبل بیج میں ہوتی ہے اور گلابی سنڈی سردیاں بھی ڈبل سیڈ میں گزارتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ڈوڈیوں کے خاتمے سے ہماری اگلی فصل بھی گلابی سنڈی کے حملے سے محفوظ رہے گی۔