زراعت کی ترقی کیلئے سبز انقلاب کے پہلوئوں کو پیش نظر رکھا جائے، ڈی سی او

جمعہ 16 دسمبر 2016 21:59

گوجرانوالہ۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء)ڈی سی او گوجرانوالہ محمد عامر جان نے زرعی مشاورتی کمیٹی ‘ زرعی ٹاسک فورس اور ضلعی عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ و زیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق زراعت کی ترقی کیلئے سبز انقلاب کے تمام پہلوئوں کو پیش نظر رکھا جائے، اجلاس میں ای ڈی او زراعت سردار محمد اکبر‘ ڈی او زراعت لیاقت علی بھٹی‘ ڈی ڈی او زراعت ڈاکٹر اقرار حسین ‘ محکمہ زراعت ‘ فشریز‘ زرعی بینک اور کوآپریٹو بنک کے افسران اور زمینداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں کھادوں اور زرعی ادویات کی سستے داموں فراہمی ‘ کھادوں کے ڈیلرز کے امور ‘ زمینداروںکے مسائل‘ پانی چوری کی روک تھام‘ معیاری گندم کے بیجوں کی فراہمی ‘ جعلی زرعی ادویات کی روک تھام اور محکمہ زراعت کے دیگر مسائل او رمعاملات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرای ڈی او زراعت سردار محمد اکبر نے بتایاکہ کسان پیکج کے تحت4218 زمینداروں۔

کاشتکاروں اور کسانوں نے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کے ضلع اور تحصیل مراکز سے رابطہ کیا جس میں سی3486 زمینداروں اور کاشتکاروں کو رجسٹرڈ کیاگیا اور 52 زمینداروں کو قرضے فراہم کر دیئے گئے ہیں جبکہ محکمہ زراعت نے ضلع بھر میں کسان پیکج کے تحت ہی 10938 کسانوں کو رجسٹرڈ کرکے کسان کارڈ بھی جاری کر دیئے ہیں۔ انہو ں نے بتایاکہ ضلع کی763 دیہات میں1819 زمینداروں کو معیاری گندم کے بیجوں کے 3304 تھیلے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی ٹاسک فورس کی تمام ٹیموں نے غیر معیاری ‘ غیرمستند اور زائد المیعاد زرعی ادویات فروخت روکنے کیلئے مجموعی طو رپر 62 چھاپے مار کر سیمپل حاصل کئے جو لیبارٹری میں بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنیوالے کھاد ڈیلرز کو مجموعی طورپر2 لاکھ28 ہزار روپے جرمانہ بھی کیاگیا، ڈی سی او نے زمینداروں کے نمائندوں سے کہاکہ انہیں کسی بھی معاملات میں کوئی شکایت ہو تو وہ ای ڈی او زرا عت ‘ ڈی او زراعت یا تحصیل سطح کے دفاتر میں درج کرائیں تاکہ ان کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔