زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور چین کی کنگ دائو ایگریکلچرل یونیورسٹی کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

منگل 20 دسمبر 2016 22:36

فیصل آباد ۔20دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور چین کی کنگ دائو ایگریکلچرل یونیورسٹی نے باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق دونوں ادارے اعلیٰ تعلیم‘ ایگریکلچر‘ ثقافت‘ سائنسی تحقیقات‘ ٹیکنالوجی پروموشن اور کمرشلائزیشن میں ایک دوسرے کے تجربات و مشاہدات سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ طلبہ و تدریسی و تحقیقی سٹاف کے باہمی تبادلوں میں بھی پیش رفت کریں گے۔

یونیورسٹی کے نیو سنڈیکیٹ ہال میں منعقدہ اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں اور چینی یونیورسٹی کے نائب صدر یوآن یونگ بنگ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے مستقبل میں باہمی تعاون کے مزید شعبوں کی نشاندہی بھی کریں گے جبکہ بین الاقوامی سطح پر مختلف سائنسی اُمور پر مشترکہ تحقیقات کو بھی فروغ دیا جائے گا، دونوں ادارے اپنے ہاں نوجوانوں کو چینی وپاکستانی زبان سکھانے کے ساتھ ساتھ اتفاق رائے سے مشترکہ طور پر بیچلرز و ماسٹرزڈگری پروگرام بھی شروع کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے معاہدے کو طویل المدت خوشگوار سفرکا خوبصورت آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے ماہرین کھاری و شورزدہ زمینوں کے بہترین زرعی استعمال کیلئے گندم و دوسری اجناس کی بہترپیداوار کی حامل ورائٹی متعارف کروانے میںتعاون کو فروغ دیں گے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جانوروں کی منہ کھر کی بیماری اور پولٹری میں انفلوئنزا و رانی کھیت کے موثر تدارک میں چینی مہارت پاکستانی ماہرین کے کام آ سکتی ہے جس کیلئے دونوں اداروں کے ماہرین اپنے روابط کو بڑھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :