وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا تاریخی کسان پیکج

فیصل آباد سول ڈویژن میں مختلف نہروں کی پختگی اور ڈرنیز کی تعمیر وبحالی کی 55سکیمیں تجویز عملدرآمد سے نہری پانی سے متعلق کاشتکاروں کے مسائل حل اور نہری نظام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ زمینوں کی زرخیزی کیلئے سیم وتھور کی روک تھام ممکن ہوگی، کمشنر مومن آغا

ہفتہ 24 دسمبر 2016 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے تاریخی کسان پیکج کے تحت ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے فیصل آباد سول ڈویژن میں مختلف نہروں کی پختگی اور ڈرنیز کی تعمیر وبحالی کی 55سکیمیں تجویز کی گئی ہیں جن پر عملدرآمد سے نہری پانی سے متعلق کاشتکاروں کے مسائل حل اور نہری نظام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ زمینوں کی زرخیزی کیلئے سیم وتھور کی روک تھام ممکن ہوگی۔

یہ بات ڈویژنل کمشنر مومن آغا کی زیرصدارت اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں محکمہ انہار کی ان سکیموں کی ضرورت وافادیت کے بارے میں ارکان اسمبلی سے مشاورت کی گئی۔اجلاس میں ڈی سی او سلمان غنی کے علاوہ ڈویژن کے ارکان اسمبلی حاجی اکرم انصاری،طلال بدرچوہدری،میاں محمدفاروق،قیصر احمدشیخ،چوہدری محمدافضل ساہی،رائو کاشف رحیم،رائے عثمان کھرل،آزاد علی تبسم،میاں محمد رفیق،کرنل ایوب گادھی ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف انجینئراریگیشن شیخ نواز نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 30کروڑ روپے کی لاگت سے فیصل آباد سول ڈویژن میں 302کلومیٹر طویل نہروں کی لائننگ کے 9 مختلف منصوبے تجویز کئے گئے ہیں جن میں فیصل آباد کی دو،چنیوٹ کی 5اورٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ کی ایک،ایک نہر شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ 83کروڑ12لاکھ روپے سے 4نئی ڈرنیز کی تعمیر اور35کروڑ روپے کی لاگت سے 42مختلف ڈرینز کی مرمت وبحالی کے منصوبے ترتیب دئیے گئے ہیں۔

ڈویژنل کمشنر نے محکمہ انہار کے افسران سے کہا کہ دیہات کی سطح پرارکان اسمبلی کو ان سکیموں کی مکمل تفصیلات فراہم کریں تاکہ ان ترقیاتی سکیموں کی ترجیحات کا صحیح انداز میں تعین ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ نئی سکیموں کی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ موجودہ صورتحال میں نہری پانی سے متعلق کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے محکمانہ کوششوں میں کمی نہیں آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے کسان پیکج کے تحت زرعی ترقی کے دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ آبپاشی کے نظام کی اصلاح واستحکام کے میگا پراجیکٹس بھی شامل ہے جس پر عملدرآمد کے سلسلے میں محکمہ انہار کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے نہروں کے تحفظ،سیم تھور سے بنجر علاقوں کی نشاندہی کے علاوہ نہروں کی پختگی اورموہگوں کی اصلاح کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں اورکہا کہ کسان پیکج کے تحت آبپاشی کے نظام کو بہتربنانے کے حقیقی فوائد کاشتکاروں تک پہنچانے کے سلسلے میں مربوط حکمت عملی کے تحت منصوبوں کو آگے بڑھایا جائی