وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، لاہور پارکنگ کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

وزیراعلیٰ پارکنگ پلازوں کی تعمیر اورمکینکل روٹری پارکنگ نظام متعارف کرنے میں تاخیر پر شدید برہم بوسیدہ نظام کو بدلنے کے خلاف جنگ کررہا ہوںاوراس کیلئے آخری حد تک جاؤں گا،وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف

منگل 27 دسمبر 2016 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت منگل کو یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں عوام کو پارکنگ کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے لاہور پارکنگ کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لاہور پارکنگ کمپنی کی کارکردگی پرعدم اطمینا ن کا اظہار کیااورکہا کہ لاہور پارکنگ کمپنی شہریوں کو پارکنگ کی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے اور3برس کے دوران کمپنی کی کارکردگی کسی صورت بھی تسلی بخش نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ۔وزیراعلیٰ نے پارکنگ پلازوں کی تعمیر اورمکینکل روٹری پارکنگ نظام متعارف کرنے میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی اورکہا کہ عوام کو سہولت نہ ملے اور پارکنگ کمپنی کے حکام زبانی جمع خرچ کرتے رہیں ،یہ سلسلہ نہیں چلے گااورفیصلوں پر عملدر آمد نہ کرنا افسوسناک ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارکنگ اور ٹریفک نظام آپس میں جڑے ہوئے ہیں ۔پارکنگ کا نظام بہتر ہوگا تو ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔عوام کو سہولتیں فراہم نہ کرنافرائض کی انجام دہی میں کوتاہی ہے ۔میٹرپارکنگ کے سسٹم کو آگے نہ بڑھانا بھی ایک افسوسناک بات ہے ۔انہوںنے کہا کہ میں بوسیدہ نظام کو بدلنے کیخلاف جنگ کررہا ہوںاوراس نظام کو بدلنے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔اجلاس میں مشیر ڈاکٹر عمر سیف ،مسلم لیگ(ن) کے سینئررہنماء خواجہ احمد حسان،چیئرمین لاہور پارکنگ کمپنی حافظ میاں محمد نعمان،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،کمشنر لاہورڈویژن،ڈی جی ایل ڈی اے ،ڈی سی او لاہوراورلاہور پارکنگ کمپنی کے اعلی حکام نے شرکت کی۔