ڈپٹی کمشنرز کی انتظامی سیٹ بحال ہونے پرزراعت (توسیع) کے انتظامی نظام کے ڈھانچے میں تبدیلی

منگل 3 جنوری 2017 17:35

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء)محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنرز کی انتظامی سیٹ بحال ہونے پرزراعت (توسیع) کے انتظامی نظام کے ڈھانچے میں تبدیلی کی گئی ہے، پنجاب بھر میں 19 ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت کو ڈائریکٹر زراعت (توسیع) جبکہ 36 ڈسٹرکٹ آفیسرز کو ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کا چارج دے دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 127ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ محکمہ زراعت کے اس انتظامی سیٹ اپ میں ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب براہ راست کنٹرولنگ آفیسر ہوں گے۔ محکمہ زراعت (توسیع) کو ضلعی نظام سے نکال کر ان کی 1999والی پوزیشن پر لایا گیا ہے اور ضلعی سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹوریٹس کو بحال کر دیا گیا ہے جس کے تحت ضلع میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اپنی کارکردگی کا براہ راست ڈویژنل ڈائریکٹر کو جواب دہ ہوگا جبکہ ڈویژنل ڈائریکٹر براہ راست اپنی کارکردگی کا ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب کو جواب دہ ہوگا۔

اس انتظامی سیٹ اپ سے محکمہ زراعت (توسیع) کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور وہ کسانوں کی بہتر رہنمائی کر سکیں گے۔