اسلامی یونیورسٹی میں’’ روڈ سیفٹی وٹریفک قوانین‘‘ کے موضوع پر دو روزہ سیمینار کا انعقاد

منگل 3 جنوری 2017 19:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد، نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے تعاون سے جامعہ میں’’ روڈ سیفٹی وٹریفک قوانین‘‘ کے موضوع پر دو روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔ جامعہ کے میل کیمپس میں منعقدہ اس سیمینار میں شعبہ ٹرانسپورٹ کے اہلکاروں کو محفوظ ڈرایوئنگ ٹریفک قوانین بارے لیکچرز دیے گئے جبکہ حادثات سے بچنے کیلئے ویڈیوز بھی سیمینار شرکاء کو دکھائی گئیں۔

سیمینار کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایس پی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس شہریار خان نے تھے جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ 1997ء سے ان کا ادارہ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور عوام کے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے ایک نئے کلچر کو متعارف کرا چکا ہے اور تعلیمی ادارے اس ضمن میں سب سے سود مند ذرائع ہیں جو ٹریفک قوانین بارے آگاہی میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کی اولین ترجیح ہیں۔

(جاری ہے)

سیمینار کے مہمان ذی وقار نائب صدر جامعہ ڈاکٹر محمد بشیر خان نے کہا کہ منظم قومیں ترقی کی منازل تک دگنی رفتار سے پہنچتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین پر عمل درآمد کامیابی کی دلیل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی یونیورسٹی قوانین کی پاسداری وآگاہی کے حوالے سے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل (انتظامیہ و مالیات) خالد محمود راجہ نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ شعبہ ٹرانسپورٹ ٹریفک قوانین سے مکمل طور پر آگاہ ہو اور اس ضمن میں ہی موٹر وے پولیس کے تعاون سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر زکے کندھوں پر اہم ذمہ داری ہے کہ وہ طلباء و طالبات کو حفاظت سے منزل مقصود تک پہنچائیں۔ انہوں نے یونیورسٹی سے بھرپور تعاون پر موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوروزہ سیمنار کے ریسورس پرسن موٹر وے پولیس کے سینئر پٹرولنگ آفیسر ثاقب وحید اور جونیئر پٹرولنگ آفیسر واسع خان تھے جنہوں نے سفر کو محفوظ بنانے اور ٹریفک کے قوانین سے متعلق ملٹی میڈیا کے ذریعے لیکچرز دیئے۔