کراچی میں میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی عروج پر پہنچ گئی

بیش تر امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ تو کہیں پرچے تاخیر سے پہنچے، جب کہ مختلف مراکز میں حسب معمول کھلے عام نقل ہوتی رہی

جمعرات 9 مئی 2024 18:17

کراچی میں میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی عروج پر پہنچ گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) کراچی میں میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی عروج پر پہنچ گئی ہے، بیش تر امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ تو کہیں پرچے تاخیر سے پہنچے، جب کہ مختلف مراکز میں حسب معمول کھلے عام نقل ہوتی رہی۔کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت پہلی شفٹ میں نہم جماعت کا پرچہ محمود آباد کے ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ اسکول کے امتحانی مرکز میں ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔

سی سی او کے مطابق زیادہ طلبہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کے بیٹھنے کا خاطر خواہ انتظام نہیں تھا جس کی وجہ سے مشکل کا شکار ہوئے، جب کہ امتحانی پرچے بھی تاخیر سے پہنچے تھے۔امتحانی سینٹر میں غیر متعلقہ افراد کا آنا جانا جب کہ پورے ٹائم جم غفیر بھی موجود رہا، جس نے دفعہ 144 کی دھجیاں اڑا دیں، جگہ کم اور طلبہ زیادہ ہونے کی وجہ سے سینٹر شدید بدنظمی کا شکار رہا، طلبہ کو پرچہ مکمل کرنے کے لیے آدھا گھنٹہ اضافی دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بیش تر امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ اور پینے کے پانی کی قلت رہی، شدید گرمی کی وجہ سے طالبات نے کاپیاں خراب ہونے پر نمبر متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول جیکب لائن ون میں قائم امتحانی مرکز میں طالبات بغیر پنکھوں کے امتحان دینے پر مجبور رہیں، شدید گرمی میں طلبہ و طالبات ڈی ہائیڈریشن کا شکار بھی ہوتے رہے، امتحانی مراکز میں کہیں بھی اسٹینڈ بائے جنریٹرز کا انتظام نہیں کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :