چین نے لندن تک پہلی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کر دیا

یہ مال بردار ریل گاڑیاں بارہ ہزار کلومیٹر کا فاصلہ اٹھارہ دنوں میں طے کیا کریں گی، سازوسامان سے لدی یہ گاڑیاں قزاقستان، روس، بیلاروس ، پولینڈ، جرمنی، بیلجیم اور فرانس سے گزرتی ہوئی برطانیہ پہنچا کریں گی

بدھ 4 جنوری 2017 22:11

چین نے لندن تک پہلی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کر دیا

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) چین نے اپنے مشرقی صوبے ژے جیانگ سے برطانوی دارالحکومت لندن تک پہلی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کر دیا ۔ یہ مال بردار ریل گاڑیاں چین سے لندن تک کا بارہ ہزار کلومیٹر کا فاصلہ اٹھارہ دنوں میں طے کیا کریں گی۔ چین کے سرکاری خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق چین کے صوبے ژے جیانگ سے یورپ میںلندن تک مال برداری کے لئے اس ریل سروس کا آغاز ژی وو شہر سے کیا گیا ہے جو بڑے پیمانے پر تجارتی سازوسامان کی خریداری کے لئے مشہور ہے۔

برآمدی و درآمدی سازوسامان سے لدی یہ چینی ریل گاڑیاں قزاقستان، روس، بیلاروس ، پولینڈ، جرمنی، بیلجیم اور فرانس سے گزرتی ہوئی برطانیہ پہنچا کریں گی۔ میڈیا کے مطابق سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اس وقت کئی برطانوی اتحادیوں کیلئے حیرانگی کا باعث بنے تھے جب انہوں نے اس بات کی وکالت کی تھی کہ برطانیہ مغربی دنیا میں چینی سرمایہ کاری کیلئے مرکزی دروازہ ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں کیمرون نے یہ تجویز بھی پیش کی تھی کہ چین سے باہر چینی کرنسی یوآن کی خریدوفروخت کیلئے لندن کو سب سے بڑا بین الاقوامی تجارتی مرکز بنایا جانا چاہیے۔ ڈیوڈ کیمرون کی جانشین اور موجودہ برطانوی وزیراعظم تھریسامے بھی یہ کہہ چکی ہیں کہ برطانیہ اور چین کے مابین آج بھی سہرے روابط قائم ہیں۔ چائنہ ریلوے کارپوریشن کے مطابق ژی وو سے لندن تک اس چینی کارگو ٹرین سروس کا رسمی آغاز اتوار یکم جنوری کو کیا گیا۔