گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سابق ممبر قومی اسمبلی سید دیوان عاشق بخاری کی ملاقات

جمعرات 5 جنوری 2017 23:19

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سابق ممبر قومی اسمبلی سید دیوان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سرکٹ ہائوس ملتان میں سابق ممبر قومی اسمبلی سید دیوان عاشق بخاری اور چیئرمین ضلع کونسل ملتان سید دیوان عباس بخاری نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے دیوان عباس بخاری کو چیئرمین ضلع کونسل ملتان منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ بلدیاتی نظام کے قائم ہونے سے لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بلدیاتی اداروں کے ذریعے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر دئیے ہیں جس سے عوام کو سہولیات کی فراہمی آسان ہو جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کو چاہیے کو وہ اپنی تمام توجہ عوام کی خدمت پردیں اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کوشش کریں انسانیت کی خدمت عباد ت کا درجہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ عوام کو بلدیاتی اداروں سے جو توقعات ہیں اُن کو پورا کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

بلدیاتی نمائندے محنت ، دیانت اور امانت کو اپنا شعار بنائیں اور جواں جذبے ، ارادے سے عوام کی خدمت کریں۔علاوہ ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کے جواں سال بھانجے ملک محمد الیاس رجوانہ کی رسم چہلم بروز ہفتہ بتاریخ 7 جنوری 2017ء دوپہر 2 سے 4 بجے تک شاہی مسجد عید گاہ خانیوال روڈ ملتان میں ہو گی ۔ دُعا4 بجے کرائی جائے گی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے دوست و احباب سے شرکت کی درخواست کی ہے تاکہ مرحوم محمد الیاس رجوانہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دُعا کی جائے۔