محکمہ زراعت کے ضلعی افسران اور ڈی سی سٹاک میں موجود سبسڈائزڈ کھاد کی رعایتی نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں

ملازمین حرکت تیز اور سفر آہستہ کی روش ترک کریں،جب سفر طویل ہو تو مسافر علی الصبح بیدار ہوتا ہے‘سیکرٹری زراعت

جمعہ 13 جنوری 2017 18:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء)سیکرٹری زراعت پنجا ب محمد محمود نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے ضلعی افسران اور ڈی سی سٹاک میں موجود سبسڈائزڈ کھاد کی رعایتی نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں ۔سبسڈائزڈ کھاد کا پنجاب میں وافر سٹاک موجود ہے ۔ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کئے جائیں۔

غفلت اور تساہل پسندی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی محکمہ زراعت میں جگہ نہیں ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں برقی انداز میں تیزی لانے کے لئے محکمہ زراعت کے ملازمین رات دن ایک کر دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی کارکردگی معیاری اور مثالی ہونے سے ملکی معیشت میں غیر معمولی بہتری آئے گی۔ فرض شناس اور دیانتدار افسران کی حوصلہ افزائی کرنا میرا فرض ہے۔

مجھے ہر وہ ملازم عزیز ہے جو فرائض کی ادائیگی میں غفلت کا ہرگز مظاہرہ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ مقصد کے حصول کے لئے حرکت تیز اور سفر آہستہ کی روش ترک کرنا ہوگی ۔ ہم اسی وقت اپنی منزل پر پہنچ سکتے ہیں جب ہم میں کچھ کرنے کی تڑپ اور لگن موجود ہوگی۔ اگر ہم نے کچھ کرنا ہے تو ہمیں اپنے بیدار اور توانا جذبات کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔جب سفر طویل ہو تو مسافر علی الصبح بیدار ہوتا ہے۔