جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو مہم 20فروری سے شروع ہو گی

جمعہ 13 جنوری 2017 20:37

جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو مہم 20فروری سے شروع ہو گی
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کا شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہم 20فروری سے شروع ہو گی ۔زرعی ترجمان کے مطابق فصلات میں جڑی بوٹیوں کی وجہ سے مجموعی پیداوار میں 30تا 40فی صد کمی واقع ہو جاتی ہے اس لیے ان جڑی بوٹیوں کا انسداد ضروری ہے۔اس حوالے سے کاشتکاروں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے محکمہ زراعت نے’’جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو‘‘ کے عنوان سے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔

ترجمان نے بتایاکہ جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے گائوں کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جس میں نمبردار، پٹواری، محکمہ زراعت کے ملازمین اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹیاں کسانوں کے ساتھ مل کر جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے میں معاونت کریں گی۔ اس کے علاوہ سماجی بہبود کے اداروں سے مل کر ان جڑی بوٹیوں کے نقصانات بارے کسانوں کو آگاہی فراہمی کی جائے گی۔

محکمہ زراعت سکولوں، کالجوں، دفاتر، سرکاری و نجی مقامات پر ان مہم کے بارے آگاہی فراہم کرے گا جبکہ تحصیل کی سطح پر واک کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان جڑی بوٹیوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے مختلف سیمینارز کے انعقاد کے ذریعے کسانوں کوآگاہی فراہم کی جائے گی۔زرعی ترجمان نے بتایاکہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کے کنارے، تالابوں کے قریب اور غیر کاشتہ رقبہ پر جڑی بوٹیاں بڑے پیمانے پر موجود ہوتی ہیں جن کے بیج ہوا اور دیگر ذرائع سے کھیتوں میں پہنچ جاتے ہیں اور یہ جڑی بوٹیاںکھیتوں میں اگنا شروع ہوجاتی ہیں اور فصل کی خوراک کھاکر اسے کمزور کرنے کا سبب بنتی ہیں۔

اس لئے ان کو کھیتوں میں پہنچنے سے پہلے ہی تلف کرنا ضروری ہے۔ اس لئے اس مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ جڑی بوٹیاں انسانی صحت کو بھی متاثر کرتی ہیں اور اگر جانور انہیں کھالیں تو انہیں بھی نقصان پہنچتا ہے۔ گاجر بوٹی جیسی جڑی بوٹی انسان کی جلد کو متاثر کرتی ہے اور اس طرح دیگر جڑی بوٹیاں بھی فصلوں کے علاوہ انسانی صحت کے لئے بھی نقصان دہ ہیں۔ ’’ جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو مہم‘‘20 فروری سے 25 فروری تک جاری رہے گی۔