وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے وفد کی ملاقات

انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن ملک میں ایک نئے ادارے کے قیام میں معاونت کرے،وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار

بدھ 25 جنوری 2017 23:34

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کو تجویز پیش کی ہے کہ وہ ملک میں ایک نئے ادارہ کے قیام میں معاونت کرے تاکہ نجی شعبہ کے ذریعے بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں میں بڑی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ آئی ایف سی کے وفد سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایف سی نئے ادارہ میں زیادہ ایکویٹی رکھ سکتا ہے جبکہ منصوبہ میں دیگر عالمی مالیاتی اور بین الاقوامی ادارے بھی حصہ لے سکتے ہیں۔

آئی ایف سی کے وفد کی قیادت کنٹری منیجر ندیم صدیقی نے کی جنہوں نے وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان میں بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں اور ادارہ کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ مجوزہ ادارہ نجی ہو گا جو مالی معاونت فراہم کرے گا تاکہ تمام بنیادی شعبوں میں ترقیاتی عمل میں مدد دی جا سکے جس کی بنیاد پبلک پرائیویٹ شراکت داری یا نجی شعبہ کی جانب سے بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں میں مختلف اقسام کی سرمایہ کاری بھی ہو سکتی ہے۔

وزیر خزانہ نے ندیم صدیقی کی بریفنگ کو سراہا جس میں پاکستان میں مستقبل کے سرمایہ کاری کے امور کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک کی بہتری اور ترقی کیلئے آئی ایف سی اور دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے بنیادی ڈھانچہ سمیت مختلف شعبوں کی ترقی کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انفراسٹرکچر کے مزید منصوبوں کی جلد تکمیل چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے ملک کی ترقیاتی ضروریات کی تکمیل کیلئے بنیادی ڈھانچہ کے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی جبکہ اس سے مجموعی قومی پیداوار کو بڑھانے میں بھی مدد حاصل ہو گی۔

متعلقہ عنوان :