مزدور معاشرے اور ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

منگل 30 اپریل 2024 19:36

مزدور معاشرے اور ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یکم مئی پر مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن 1886 کے شہدائے شکاگو کی کوششوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے ، اس دن کو منانے کا مقصد مزدوروں کے لئے حق کی آواز بلند کرنا ہے ، مزدور کسی بھی معاشرے اور ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے صنعت کے میدان میں خاطر خواہ ترقی کی ان کی اس ترقی میں انکے مزدوروں کے تعمیری کردار کو یقیناً نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ، ہمیں بھی ہنر مند ہیومن ریسورس اور بھرپور افرادی قوت ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو مزدور کسی فنی مہارت سے آشنا ہوتے ہیں وہ معاشرے کی تعمیروترقی کا جزو لازم بن جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نہ صرف مزدوروں کے حقوق کی موثر ادائیگی میں کوشاں ہے بلکہ محنت کشوں کا استحصال کرنے والوں کو کٹہرے میں بھی لائے گی اور تمام محنت کشوں کے لیے یکساں مواقع اور ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنائے گی ، رنگ و نسل کو بنیاد بنا کر کسی بھی تفریق کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تکنیکی تعلیم کی اہمیت سے بھی واقف ہے صوبہ بھر کے تکنیکی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جہاں جدید دنیا کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو اعلی فنی مہارت سے آشنا کر کے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھار نا ہے کیونکہ دنیا میں تکنیکی مہارت سے آراستہ افرادی قوت کی طلب بہت زیادہ ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسی لیبر پالیسی پر یقین رکھتی ہے جس میں تمام مزدوروں اور محنت کشوں کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی ہو سکے ، وہ تمام لیبر یونین جو مزدوروں کے حقوق اور جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں ۔ صوبائی حکومت نے حال ہی میں گوادر کے ماہی گیروں کو مزدور کا درجہ دیا ہے جو انکے حقوق کی فراہمی کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک فعال،مثبت اور تعمیری معاشرے کی تشکیل کے لئے ضروری ہے کہ تمام انسانوں کے لئے یکساں ضروریات زندگی دستیاب ہو ں تاکہ معاشرے میں تخریبی سوچ پروان نہ چڑھ سکے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے فنڈ کے تحت مزدوروں کے 400 بچوں کو ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بہترین تعلیم فراہم کی جائے گی ، اس کے ساتھ ساتھ ورکرز ویلفیئر فنڈ کو بڑھانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ صوبائی حکومت اس ویژن پر عمل پیرا ہے کہ مزدور کے بچے کو بھی اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر ہوں۔