بیر کی فصل کو بیماریوں سے بچانے کیلئے پھپھوندی کش زہروں کا استعمال کیا جائے، محکمہ زراعت

جمعرات 26 جنوری 2017 15:33

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار و باغبان بیر کی فصل کو بیماریوں سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے پھپھوندی کش زہروں کا استعمال کریں تاکہ بیر کی فصل کو ہر قسم کے نقصان سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جہاں بیر کے پودوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے زہروں کا استعمال ضروری ہے وہاں باغات میں گوبر کی گلی سڑی کھاد کا استعمال بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر گوبر کی گلی سڑی کھاد 20 کلو گرام چھوٹے پودے اور 40 کلوگرام بڑے پودے کی شکل میں ڈالی جائے تو پودے ان کی سڑن سے بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پتوں پر کیڑے کے حملے سے کالے رنگ کے نشان نمودار ہونا شروع ہوجاتے ہیں جس سے پھل کی شکل بھی خراب ہوجاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی باغ میں کوئی غیر معمولی علامت ظاہر ہو تو فوری طور پر محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کیا جائے تاکہ کسانوں کو فصلات کے نقصان سے بچایا جاسکے۔