ای او بی آئی سکینڈل کے مرکزی ملزم کی ضمانت 10، 10لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض منظور کر لی گئی

پیر 30 جنوری 2017 23:06

ای او بی آئی سکینڈل کے مرکزی ملزم کی ضمانت 10، 10لاکھ روپے کے دو مچلکوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2017ء) لاہورہائیکورٹ نے ای او بی آئی سکینڈل کے مرکزی ملزم سابق چیئرمین ظفر گوندل کی 10، 10 لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی ۔ ملزم سابق چیئرمین ای او بیآئی ظفر اقبال گوندل کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم پراراضی کی خریداری میں ذاتی فائدہ حاصل کرنے کا کوئی ثبوت نہیں، قانون اورضوابط کے مطابق اراضی خریدی فاضل عدالت اس سے قبل ملزم کے خلاف درج دومقدمات میںضمانت منظور کرچکی ہے لہٰذا ضمانت منظور کی جائے۔

ایف آئی اے کی جانب سے سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزم نے پیپرارولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سستی اراضی مہنگے داموں خریدی جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا ،ایف آئی اے کی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت کے استفسار پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران ملزم کی جانب سے ذاتی فائدہ لینے کی بات ثابت نہیں ہوئی۔جس پر فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر ملزم براہ راست کرپشن میں ملوث نہیں تو انہیں گرفتارکیوں کیا گیا۔جس کے بعد فاضل عدالت نے ظفر گوندل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے دس دس لاکھ رو پے کے دومچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔