ماہرین زراعت نے ڈبلنگ یاچوپاکے ذریعے سورج مکھی کی کاشت کو نہایت مفید قرار دے دیا

منگل 14 فروری 2017 14:17

فیصل آباد۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ ڈبلنگ یاچوپاکے ذریعے سورج مکھی کی کاشت نہایت مفید ہے تاہم کاشتکاررواں ماہ فروری کے آخر تک پلانٹر ،ٹریکٹر ڈرل، سنگل رو کاٹن ڈرل، پوریاکیراکے ذریعے بھی سورج مکھی کاشت کرسکتے ہیں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ ڈبلنگ یاچوپا کے ذریعے سورج مکھی کی کاشت کے طریقہ میں پہلے کاشتکار اڑھائی فٹ کے فاصلے پر وٹیں بنائیں پھر پانی دے کر ہر آٹھ سے نو انچ کے فاصلے پر سوراخ کرکے ایک ایک بیج ان میں ڈال دیں ۔

انہوںنے کہاکہ بیج ڈالتے وقت اس امر کا خیال رکھاجائے کہ بیج پانی میں نہ ڈوبے کیونکہ اس طرح بیج کے خراب ہونے کا خطرہ پیداہوسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کھیلیوں پر لگائی ہوئی سورج مکھی کی فصل کو بہتر اگائو کیلئے جلد آبپاشی کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سورج مکھی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے فصل کا قطاروں میں کاشت کرنا از حد ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا دو سے اڑھائی فٹ اور پودوں کا درمیانی فاصلہ آبپاشی علاقوں میں نو انچ تک جبکہ بارانی علاقوں میں بارہ انچ تک ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکارسورج مکھی کا بیج وتر کی حالت میں کاشت کریں اور بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ دو انچ تک رکھی جائے۔