پاکستان میں بم دھماکے پوری ملت اسلامیہ اور انسانیت کیلئے افسوسناک ہیں‘الشیخ عبدالرحمن السیدیس

بیگناہ انسانوں کو قتل کرنیوالوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا‘امام کعبہ کی گفتگو

بدھ 15 فروری 2017 19:41

پاکستان میں بم دھماکے پوری ملت اسلامیہ اور انسانیت کیلئے افسوسناک ..
الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) پاکستان میں بم دھماکے پوری ملت اسلامیہ اور انسانیت کیلئے افسوسناک ہیں ، بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے والوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔یہ بات امام کعبہ الشیخ عبد الرحمن السیدیس نے الریاض میں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمو داشرفی سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ملت اسلامیہ کیلئے عزت اور راحت کا سبب ہے ،جو لوگ پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں وہ امت مسلمہ کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ۔ ا نہوں نے کہا کہ لاہور اور دیگر مقامات پر ہونے والے بم دھماکے اور خود کش حملے اسلام اور مسلمان دشمن لوگوں کی کاروائیاں ہیں جو مسلم ممالک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور اسلام کو بدنام کرنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے خصوصی طور پر دعا کروائی اور کہا کہ غم کے ان لمحات میں ہم پاکستان کی حکومت ، فوج اور عوام کے ساتھ ہیں ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے اسلام اور مسلمانوں کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ۔ ان عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے جہاں اسلامی عسکری اتحاد کو ایکٹو کرنے کی ضرورت تھی وہاں پر اسلامی فکری اتحاد کے قیام کی بھی ضرورت ہے ۔الشیخ عبد الرحمن السدیس نے کہا کہ ان شاء اللہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے اور پاکستانی قوم اور پاکستان کے وطن کو استحکام اور امن نصیب ہو گا۔

متعلقہ عنوان :