منظور شدہ ادویات کا بروقت سپرے کرکے فصل کو کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھنے سمیت بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکتاہے،ماہرین زراعت

ہفتہ 25 فروری 2017 13:19

فیصل آباد۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) زرعی ماہرین نے ملک بھر کے کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش اور تیز ہوا کی صورت میں اپنی فصلا ت پر کیڑے مار ادویات کے سپرے سے گریز کریں تاکہ اس کا اثر زائل ہو نے سے بچانے سمیت مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے نیز کاشتکار محکمہ زراعت کے افسران کی مشاورت سے منظور شدہ ادویات کا سپرے کریں تاکہ فصل کو کیڑے مکوڑوں سے بچا کر فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ زراعت کی ترقی میں کیڑے مار ادویات کا اہم کردار ہے۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے جبکہ محکمہ زراعت کا عملہ ہمہ وقت ان کی خدمت کیلئے موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک کسان میں شعور و آگاہی پید انہیں ہو گی اس وقت تک زرعی خود کفالت کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔

انہوںنے کاشتکاروں کو گندم کو سخت سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کیلئے بھی بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے ۔ انہوںنے اے پی پی کو بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اگر کاشتکار فصل کو نقصان سے بچائیں تو فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتاہے۔