پولیو موضی مرض ہے جسے ختم کرنے کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا‘ کمشنر لاڑکانہ

ہفتہ 25 فروری 2017 23:01

لاڑکانہ۔ 25فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ پولیو ایک موضی مرض ہے جسے ختم کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پولیو جیسے موضی مرض کو اس ملک سے ختم کرکے سکھ کا سانس لیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں طلب کردہ ڈویزنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ان کے پھول جیسے بچوں کو اس موضی مرض سے ہمیشہ کے لئے بچایا جاسکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے اپنے اپنے اضلاع میں بہتر اقدامات اٹھائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے اضلاع میں ایک روز سے پانچ سال تک کا کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے رہ نہ جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ پولیو ٹیموں کو ڈویزن کے اندر ہر صورت میں مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے ادا کرسکیں۔ اجلاس میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز نے اپنے اپنے اضلاع کے متعلق کمشنر کو بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں روینیو افسران، یونیسیف، ای پی آئی، پولیس، صحت، تعلیم، ڈبلیو ایچ او، این جی اوز کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :