خشک سالی کا بحران،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ہنگامی دورے پرصومالیہ پہنچ گئے

لوگ مر رہے ہیں، اسے روکنے کیلئے دنیا کو فوری اقدامات کرنے چاہیں، عالمی برادری صومالیہ میں انسانی بنیادوں پر مدد کے لیے خوراک اور دیگر ضروری اشیا فراہم کرے، انٹونیو گوٹیرش کا ٹویٹر پر پیغام

منگل 7 مارچ 2017 16:31

موغادیشو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مارچ2017ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش ہنگامی دورے پر صومالیہ پہنچ گئے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش ہنگامی دورے پر صومالیہ پہنچے ہیں جہاں انہوں نے صومالی صدر محمد عبداللہ محمد سے ملاقات کی ہے۔

(جاری ہے)

خشک سالی سے شدید متاثر افریقی ملک صومالیہ پہنچنے پر گوٹیرش کی طرف سے ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام میں کہا گیا کہ لوگ مر رہے ہیں۔

اسے روکنے کے لیے دنیا کو فوری اقدامات کرنے چاہییں۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ صومالیہ میں انسانی بنیادوں پر مدد کے لیے خوراک اور دیگر ضروری اشیا فراہم کرے۔ گوٹیرش کو خوش آمدید کہتے ہوئے صومالی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح خشک سالی کے سبب پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنا ہے۔