حکومت پنجاب ’’مربوط پروگرام برائے ماں ونوزائیدہ بچے کی صحت اورغذائیت‘‘کے تحت 16ایمبولینس مراکز صحت کو فراہم

ہفتہ 11 مارچ 2017 23:51

فیصل آباد۔11 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) حکومت پنجاب کے ’’مربوط پروگرام برائے ماں ونوزائیدہ بچے کی صحت اورغذائیت‘‘کے تحت 16ایمبولینس گاڑیاں بنیادی مراکز صحت کو فراہم کردی گئی ہیں تاکہ حاملہ عورتوں کو ڈلیوری کے سلسلے میں کسی قسم کی پیچیدگی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر ایمبولینس گاڑیوں کی مدد سے ایمرجنسی میڈیکل سروسز ان کی دہلیز پر فراہم کی جاسکے۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ضلعی محکمہ صحت کے دفتر میں موجودہ ایمبولینس گاڑیوں کی چابیاں متعلقہ بنیادی مراکز صحت کے ڈرائیورز کے حوالے کیں۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹرنوازش گورایہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،ڈاکٹر بلال احمد،ڈاکٹر عبدالستار قریشی،ڈاکٹر اسفند،ڈاکٹر عدنان اورمحکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے خصوصی اقدامات کے تحت ضلع کے 44دیہی مراکز صحت میں حاملہ عورتوں کو ڈلیوری سے متعلقہ طبی وتشخیصی سہولیات ہفتہ کے سات دنوں میں 24گھنٹے فراہم کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں ان مراکز پر ڈاکٹرز،سٹاف،ادویات ودیگر انتظامی وطبی سہولیات کاخاطر خواہ بندوبست موجود ہے جس کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے درکار طبی انتظامات سے آراستہ ایمبولینس گاڑیوں کی فراہمی سے دیہی علاقوں کی خواتین کو ڈلیوری کی پیچیدگیوں کی صورت میں ان کی دہلیز پر میڈیکل سروسز فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ڈرائیورز حضرات کو گاڑیوں کی چابیاں اور دیگر دستاویزات حوالے کرتے ہوئے انہیں تاکید کی کہ ان گاڑیوں کی دیکھ بھال اور تحفظ کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ ان اقدامات کے ثمرات مریض حاملہ عورتوں تک کماحقہ پہنچائے جاسکیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد نے اس موقع پر بتایا کہ 44دیہی مراکز صحت کے کلسٹر تشکیل دیکر ایمبولینس گاڑیوں کو قابل رسائی سنٹرپر متعین کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مریض حاملہ عورت تک پہنچنے میں تاخیر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :