کاشتکار بہاریہ فصلوں پر سفید مکھی کے تدارک کیلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں ، نعیم اختر خان بھابھہ

منگل 28 مارچ 2017 16:46

لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ فصلوں کو گلابی سنڈی اورسفید مکھی سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں،سفید مکھی کپا س کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے،سفید مکھی کپاس کے علاوہ میزبان پودوں مکئی، جوار، تمباکو، سورج مکھی، لوسرن، برسیم ،گوبھی، مولی، شکر قندی ، بینگن، بھنڈی توری، خربوزہ، تربوز، مرچ، پالک، چپن کدو، ٹماٹر، پیاز، مٹر، آلو، لیچی، ترشاوہ پھل، انار بیر، امرود، شہتوت، پپیتا، لیہلی ، مکو، مینا، کرنڈ، گرڈینیا پر پرورش پاتی ہے، اپنے ایک بیان میںصوبائی وزیر نے کہا کہ کاشتکار بہاریہ فصلوں پر سفید مکھی کا تدارک یقینی بنانے کے لیے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں تاکہ کپا س کی آئندہ فصل کو سفید مکھی کے حملہ سے محفوظ رکھا جاسکے، بہاریہ فصلوں اور سبزیات کی باقیات کو برداشت کے بعد فوراً تلف کردیں، کپاس کی کاشت کے علاقوں میں اور کپاس کے کھیتوں کے قریب بھنڈی توری، بینگن اور جوار کاشت نہ کریں ، کھیتوں اور کھالوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں، نعیم اختر بھابھہ نے مزید کہا کہ بہاریہ فصلات پر سفید مکھی کے کیمیائی تدارک کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی زہریں استعمال کریں جو سفید مکھی کے تدارک کیلئے مؤثر ہوں۔