گندم کے کاشتکاروں کو بھریاں باندھنے کیلئے پرالی یااسی قسم کی گندم کی ناڑ استعمال کرنے کی ہدایت

جمعرات 30 مارچ 2017 15:00

فیصل آباد۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)گندم کے کاشتکاروں کو بھریاں باندھنے کیلئے پرالی یااسی قسم کی گندم کی ناڑ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہا گیا ہے کہ ماہ اپریل کے آخر میں گندم اچھی طرح پکنے کے بعد اس کی کٹائی کی صورت میں بھریاں باندھنے میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے اور بھریاں رسی سے باندھنے سے بھی گریز کیا جائے۔

ماہرین زراعت نے کہاکہ گندم کی کٹائی سے قبل غیر اقسام کے پودے کھیت سے نکال دینے چاہئیں ۔ انہوںنے کہاکہ جن کھیتوں سے گندم کا آئندہ فصل کیلئے بیج حاصل کرنا مقصود ہوتو وہاں ماہرین زراعت کی سفارش کے مطابق کھاد اور پانی کی کمی نہ آنے دی جائے۔ انہوںنے کہاکہ ہر قسم کی گہائی سے پہلے اور بعد میں تھریشر اور کمبائن مشین کو اچھی طرح صاف کرلینا چاہیے جبکہ پہلی ایک یادو بوریوں کا بیج بھی نہیں رکھناچاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ بیج ڈالتے وقت بوریوں پر گندم کی قسم کانام ضرور لکھاجائے اور بیج کیلئے محفوظ کئے جانیوالے دانوں میں نمی کی مقدار بھی 10فیصد سے کسی صورت زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار بیج ذخیرہ کرنے کیلئے روشن ، ہوا دار ، کیڑے مکوڑوں سے پاک پختہ گودام استعمال کریں تاکہ گندم کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایاجاسکے۔