فیصل ۱ٓباد میں ایک لاکھ 49 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر

جمعہ 7 اپریل 2017 16:10

فیصل ۱ٓباد میں ایک لاکھ 49 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2017ء)سالانہ ویٹ پروکیورمنٹ مہم کے دوران فیصل ۱ٓباد میں ایک لاکھ 49 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقررکیا گیا ہے جس میںکاشتکاروں سے 1300 روپے 40 کلو گرام کے حساب سے گندم خریدی جائے گی جبکہ فی بوری 9 روپے ڈلیوری چارجز کی ادائیگی سمیت 10 فیصد تک نمی کی حامل گندم قابل قبول قرار دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ضلع میں گندم خریداری مہم کے آغاز سے قبل جامع ایکشن پلان کے تحت تمام تر ضروری انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہئیں کیونکہ اس ضمن میں معمولی سی بھی کمی، غفلت، کوتاہی، لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے گندم خریداری مہم کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی جس میںڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ محمد جاوید،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سفیان آصف اعوان کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر ممکن خیال رکھتے ہوئے انہیں آسانیاں فراہم کی جائیں اور مڈل مین کی سختی سے حوصلہ شکنی ہونی چاہیے تاکہ حکومتی خواہش کے مطابق کاشتکاروں کو انکی محنت کا پھل بلا رکاوٹ مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ خریداری مراکز پر کسانوں کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ،کرسیاں،پینے کا ٹھنڈا پانی،پنکھے اور دیگر سہولتیں ہمہ وقت دستیاب رہنی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو قطار کی زحمت سے بچانے کیلئے مئوثر حکمت عملی وضع کی جائے اور سینٹرز پر نظم و ضبط کے علاوہ سکیورٹی اقدامات میں نرمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ڈیوٹی سٹاف سے کہا کہ وہ مہم کو احسن طریقے سے مکمل کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور انداز میں نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ خریداری مراکز پر ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وہ بھی اچانک دورہ کریں گے اور نامکمل انتظامات پر متعلقہ انچارجز کے خلاف کارروائی ہوگی۔اس موقع پر ڈی ایف سی نے انہیں گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات سے بھی ۱ٓگاہ کیا۔