ماہرِ تعلیم اور مصنف سید محمد ابوالخیرکشفی کی نئی کتاب ’’اُردو شاعری کا سیاسی و تاریخی پس منظر‘‘ شائع ہو گئی

ہفتہ 8 اپریل 2017 20:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2017ء) نیشنل بُک فائونڈیشن کے زیر اہتمام نامور محقق و نقاد، ماہرِ تعلیم اور مصنف سید محمد ابوالخیرکشفی کی 430صفحات پر مشتمل نئی کتاب ’’اُردو شاعری کا سیاسی و تاریخی پس منظر‘‘ عمدہ طباعت و تزئین کے ساتھ ایک ہزار کی تعداد میں شائع ہو گئی ہے۔ طلبہ و اساتذہ، محققین اور اہلِ علم و ادب کے لیے اہم تحقیقی و تنقیدی جائزوں کی حامل اس کتاب کی قیمت290 روپے ہے جسے ریڈرز کلب کے ممبران 55فی صد ڈسکائونٹ پر صرف135روپے میںخرید سکتے ہیں۔

مصنف کراچی یونیورسٹی سے وابستہ تھے اور اپنی علمی وسعتوں کے سبب احباب اور شاگردوں میں مقبول تھے۔ اُن کی یہ کتاب اپنے موضوع کے حوالے سے اُردو شاعر کی تذکرہ نویسی کی کتاب بھی کہی جا سکتی ہے جس میں 1707 سے 1857ء تک کے عہد کو تنقیدی زاویہٴ نگاہ سے قلم بند کیا گیا ہے اور میر جعفر زٹلی، مظہر جانِ جاناں، سوداؔ، میردرد،ؔ مہاجر شعرائے دہلی، دبستانِ لکھنؤ، نظیر اکبر آبادی، دلی کا عہد زرّیں، شاہ نصیر ناسخؔ، آتشؔاور مصحفیؔو جرات سمیت1857 تک کاتحقیقی سفر موجود ہے۔

(جاری ہے)

یہ کتاب ایم فل پی ایچ ڈی اور مقابلے کے امتحانات والوں کے لیے بھی معلوماتی و مفید ہے۔ مصنف نے ’’حرفِ آغاز‘‘ میں اس کتاب کی غرض و غایت اور اس کی افادیت کے حوالے سے طویل تحقیقی مقالہ تحریر کیا ہے۔ انتساب والدہ مرحومہ اور طاہرہ کے نام ہے۔ آخر میں کتابیات و اشاریہ بھی شامل ہے جو اہلِ تحقیق کی معاونت کرتا ہے۔۔۔۔۔۔۔(توصیف)

متعلقہ عنوان :