دینی جماعتوں کے کارکنان سالہاسال سے ملک میں اسلام کے غلبہ کی مخلصانہ جدوجہد کر رہے ہیں‘سراج الحق

ملک میں شریعت کے نفاذ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دین اور اسلام کی بات کرنے والوں کے باہمی اختلافات ہیں‘امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 8 اپریل 2017 21:52

دینی جماعتوں کے کارکنان سالہاسال سے ملک میں اسلام کے غلبہ کی مخلصانہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ہمیشہ ملک میں دینی قوتوں کے اتحاد کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے ، ملک میں شریعت کے نفاذ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دین اور اسلام کی بات کرنے والوں کے باہمی اختلافات ہیں ، پاکستان جل رہاہے اور اسلام دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ، دشمن متحد جبکہ دینی قوتیں انتشار کا شکار ہیں ۔

نوشہرہ میں جاری جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صد سالہ تاسیسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اللہ نے پاکستان کو بہترین سٹریٹجک محل وقوع ، بیشمار وسائل اور بہادر افواج سے نوازا ہے ۔ اگر کوئی کمی ہے تو وہ صرف دینی قوتوں کے باہمی اختلافات ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم کے ساتھ ساتھ اہل کشمیر ، اہل فلسطین اور شام و اراکان کے مظلوم مسلمانوں کی پکار ہے کہ عالم اسلام متحد ہو جائے ۔

مولانا فضل الرحمن کو اس عظیم الشان اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد دیتاہوں ۔ سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ دینی جماعتوں کے کارکنان سالہاسال سے ملک میں اسلام کے غلبہ کی مخلصانہ جدوجہد کر رہے ہیں ۔ان کی زبانوں پر اللہ کی کبریائی کے نعرے ہیں ۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کی دوستی اور دشمنی اللہ کے لیے ہے اور ان کی جدوجہد اور سیاست کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک میں اللہ کے کلمے کا پرچم سربلند اور اللہ کی بادشاہت قائم ہو جائے ۔

انہوں نے کہاکہ دینی جماعتیں ملک میں خلافت کے نظام پر متفق اور متحد ہیں ۔ علماء پاکستان کو ایک حقیقی جمہوری اسلامی ریاست بناناچاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک پاکستان میں تاریخ کی بے مثال قربانیاں دے کر حاصل کیے گئے پاکستان میں 70 سال سے انگریز کا قانون رائج اور سودی معیشت ہے اور حکمران اسی غلامانہ نظام کو مسلط رکھنا چاہتے ہیں ۔ میں اکابر علماء سے اپیل کرتاہوں کہ وہ قوم کو باہمی اختلافات سے نکال کر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں تاکہ ملک میں غلبہ اسلام کی جدوجہد کو کامیاب بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :