کاشتکار گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے پر کریں، محکمہ زراعت پنجاب

بارش ہونے کی صورت میں گندم کی کٹائی روک دیں اور اس وقت تک دوبارہ شروع نہ کریں جب تک موسم بہتر نہ ہو جائے، بیان

ہفتہ 15 اپریل 2017 15:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2017ء) کاشتکار گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے پر کریں۔ بارش ہونے کی صورت میں گندم کی کٹائی روک دیں اور اس وقت تک دوبارہ شروع نہ کریں جب تک موسم بہتر نہ ہو جائے۔گندم کی فصل آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ اس لیے فصل کی بروقت سنبھال کیلئے کٹائی و گہائی سے پہلے ہی مزدوروں، تھریشر، ٹریکٹر، ترپال یا پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔

کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ ایک ہی طرف رکھیں۔ کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور کھلواڑوں کے ارد گرد کھائی ضرور بنائی جائے۔ کٹائی کی تیاری کے دوران کوشش کی جائے کہ اگلے سال کے لئے بیج کی تیاری اسی شاندار فصل سے ہو جائے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے فصل کو برداشت سے پہلے جڑی بوٹیوں، کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے صاف کر لیں اور فصل کی ہر قسم کے لئے علیحدہ علیحدہ کھلیان لگائیں۔

گہائی سے پہلے اور بعد میں تھریشر یا کمبائن ہارویسٹر اچھی طرح صاف کر لیں اور پہلی ایک یا دو بوریوں کا بیج نہ رکھیں۔ بوری میں بیج ڈالتے وقت گندم کی قسم کا نام ضرور لکھیں۔ بیج کیلئے محفوظ کیے جانے والے دانوں میں نمی زیادہ سے زیادہ 10 فیصد تک ہونی چاہیے۔ کاشتکار اپنی فصل کی سنبھال اور ذخیرہ کا بھرپور انتظام کریں تاکہ یہ سنہری دانہ جو آپ نے سخت محنت سے پیدا کیا ہے بالکل ضائع نہ ہو اور آپ کی خوشحالی اور خوش بختی کے علاوہ ملک و قوم کی معاشی بحالی کا ذریعہ بنے۔

متعلقہ عنوان :