کپاس کے کاشتکاروں کو درپیش رکاوٹوں کاخاتمہ کیا جائے،سیکرٹری زراعت

ہفتہ 15 اپریل 2017 17:57

کپاس کے کاشتکاروں کو درپیش رکاوٹوں کاخاتمہ کیا جائے،سیکرٹری زراعت
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2017ء)سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ 60 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے حکومت پنجاب تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی بوائی کے عمل میں کاشتکاروں کو پیش تمام آنے والی رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔

کاشتکاروں کو کپاس کے اعلیٰ معیار کے بیج کی مارکیٹ میں دستیابی مناسب قیمتوں پر یقینی بنائی جائے۔ معیاری کھادوں ، کیڑے مار ادویات اور جڑی بوٹی مار ادویات کی مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیابی کے سلسلہ میں پہلے سے جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے اور اس کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ کھاد وں اور زرعی ادویات کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے نمونہ جات حاصل کرکے لیبارٹریوں میں تجزیہ کیلئے بھجوائے جائیں۔

(جاری ہے)

کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کی جائے۔ ضلعی، تحصیل ، مرکز اور یونین کونسل کی سطح پر کسانوں کے اجتماعات کرکے انہیں پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔ جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری کھادوں کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ کاٹن سیزن کے دوران کاشتکاروں کو کسی بھی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔

اگر کاٹن سیزن میں مجھے جعلی کھاد یا زہروں کی شکایت ملی تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں فیلڈ میں جاکر تمام زرعی توسیعی سرگرمیوں کو خودمانیٹر کروں گا۔محنتی ،فرض شناس اوراہداف حاصل کرنے والے افسران کو انعامات سے نوازا جائے گا اور کام نہ کرنے والے افسران کے لئے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔