پاکستان کی تاجر برادری کشمیری عوام کی بھرپور حمایت اور بھارتی ظلم و بربریت کی سختی سے مذمت کرتی ہے،عبدالباسط،محمد ناصر حمید خان

عالمی برادری کو کشمیر میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے معالے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے ، بھارتی فورسز کی بربریت کی وجہ سے پورے خطے میں بے چینی پھیل رہی ہے، حریت رہنما مشعال ملک سے لاہور چیمبر میں ملاقات

پیر 17 اپریل 2017 21:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے حریت رہنما مشعال ملک سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان کی تاجر برادری کشمیری عوام کی بھرپور حمایت اور بھارتی ظلم و بربریت کی سختی سے مذمت کرتی ہے، عالمی برادری کو کشمیر میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے معالے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے ، بھارتی فورسز کی بربریت کی وجہ سے پورے خطے میں بے چینی پھیل رہی ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کشمیر کے معاملے پر عالمی برادری کے کردار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرے اور کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل کرائے ، اگر فوری طور پرایسا نہ کیا گیا تو کوئی بدترین انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بے گناہ معصوم لوگوں کی ہلاکت کسی طرح بھی قابل قبول نہیں، پاکستان کی کاروباری برادری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ بھاری حکومت کی غیرذمہ داری خطے میں امن کو نقصان پہنچارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ تنازعہ ہے جس نے نہ صرف خطے میں تنائو کو جنم دیا ہے بلکہ یہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب کشمیر میں انسانی حقوق کی مزید پامالی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر زور ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادی کے بنیادی حق سے محروم نہ کرے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری کشمیری بہن بھائیوں کو بھرپور سپورٹ کرتی ہے اور ان کے حقوق کی پامالی کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی۔ پاکستانی عوام نے کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور آواز اٹھاکر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی بند ہونی چاہیے اور انہیں اپنے فیصلے خود کرنے کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیروں کی منظم نسل کشی ہورہی ہے، عالمی برادری کو اس کا فوری نوٹس لینا اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق فوری طور پر یہ مسئلہ حل کرانا چاہیے۔ (قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :