کپاس کی پیداوار اپنے ہدف سے تجاوز کر گئی

مالی سال میں کپاس کی پیداوار 10فیصد اضافے سے 1کروڑ 7لاکھ بیلز رہی

بدھ 26 اپریل 2017 16:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) کپاس کی پیداوار اپنے ہدف سے تجاوز کر گئی۔مالی سال 2016-17میں کپاس کی پیداوار 10فیصد اضافے سے 1کروڑ 7لاکھ بیلز رہی جبکہ حکومت نے کپاس کی کل پیداوار کا ہدف 1کروڑ 5لاکھ بیلز رکھا تھا۔ کاٹن جنرز فورم کے مطابق 1کروڑ 2لاکھ روئی کی گانٹھیں ٹیکسٹائل ملز مالکان نے جبکہ برآمد کنندگان نے 2لاکھ کاٹن بیلز خریدی ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے آئندہ سیزن میں 31لاکھ ایکڑ زیر کاشت رقبہ سے 1کروڑ 40لاکھ کاٹن بیلز کا ہدف مقرر کیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی کاٹن کمیٹی کے مطابق پنجاب میں کپاس کی پیداوار کا ہدف 1کروڑ بیلز ، سندھ میں 40لاکھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے لئے 40ہزار کاٹن بیلز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کاٹن جنرز فورم کے چیئرمین احسان الحق نے بتایا کہ دنیا میں ہر سال کی طرح کپاس کی کاشت کا ہدف زیادہ سے زیادہ رکھا ہے مگر پانی کی کمی اور بوائی میں تاخیر کے سبب آئندہ سیزن میں کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔

اس لئے حکومت گزشتہ برس کی طرح اپنے اہداف کو دوہرانے پر مجبور ہو جائے گی۔ دوسری جانب امریکہ کی انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ سیزن میں پاکستان میں کپاس کی کاشت میں 11فیصد اضافے کا امکان ہے۔