جی سی یو میں نفسیاتی صحت کے موضوع پر 3روزہ عالمی کانفرنس کا آغاز

حکومت ہسپتالوں اور دیگر صحت کے مراکز میں ہیلتھ سائیکالوجسٹ کو تعینات کرے ‘ ماہرین

بدھ 26 اپریل 2017 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میںنفسیاتی صحت پر3روزہ عالمی کانفرنس کا آغازہوگیا۔جرمنی،برطانیہ اور کینیڈا سے بھی ماہرین نفسیات کی شرکت۔ملک بھر سے 35یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور سکالرز بھی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ہسپتالوں اور دیگر صحت کے مراکز میں ہیلتھ سائیکالوجسٹ کو تعینات کرے جو مریضوں کی نفسیاتی ِصحت پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کو نفسیاتی صحت کے متعلق آگاہ کرنا چاہیئے تاکہ ان کی طرزِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔انسان کی روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاکر اسے کئی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے وزیرِ تعلیم پنجاب رضا علی گیلانی ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ ،جی سی یو شعبہ سائیکالوجی کی چیئرپرسن ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول ،نامور ماہرِ نفسیات ڈاکٹر سید عاشق علی ،ڈاکٹر باربلا کیلر اور ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ عدنان ظفر خان نے خطاب کیا۔

وزیرِ تعلیم کا کہنا تھا کہ ماہرین نفسیات کو چاہیئے کہ معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس کانفرنس سے حاصل ہونے والی تجاویز سے ہیلتھ سیکٹر میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ماہرین کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ھی ہیلتھ سائیکالوجی کے مضمون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔