محکمہ لائیوسٹاک کی گائے بھینسوں کو جنسی بیماریوں سے بچانے کیلئے تشخیصی معائنہ کروانے کی ہدایت

جمعرات 4 مئی 2017 14:34

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے لائیوسٹاک فارمرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ گائے بھینسوں کو جنسی بیماریوں سے بچانے کیلئے ان کا بروقت تشخیصی معائنہ کروائیں اور ان کی نسل کشی کیلئے ماہرین لائیوسٹاک کے مشوروں پر عمل درآمد کیا جائے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ گائے بھینسوں میں زیادہ پیداواری صلاحیت اور بہتر نسل کا تعین معیاری اوصاف کے حامل سانڈ بیل کے انتخاب سے ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک نے مختلف مقامات پر نسل کشی کے مراکز قائم کر دیئے ہیں جہاں سے بہترین صلاحیت کے نیلی راوی، ساہیوال، چولستانی فریزین ، جرسی، دوغلی نسل کے سانڈ بیل کے معیاری ٹیکے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹیکوں کے استعمال کے بعد ان کا خول محفوظ رکھا جائے تاکہ بچھڑے یا بچھڑی کے نسب و نسل کا درست تعین کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانڈ بیل کے انتخاب میں جسمانی صحت، ظاہری شکل و صورت ، ماں کے دودھ کی کم از کم پیداوار 27 سولیٹر فی بیانت یا اس سے زیادہ کے حساب سے کی جائے۔ نیز بھینسوں اور گائیوں کی کارکردگی اور دودھ کی پیداوار کا باقاعدہ ریکارڈ بھی رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ کی فری ہیلپ لائن نمبر0800-78685-86 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔