وزیراعظم محمد نواز شریف بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کیلئے کل چین روانہ ہوں گے

چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ اور اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہو گا، بین الاقوامی فورم 14 اور 15 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہو گا

جمعرات 11 مئی 2017 23:42

وزیراعظم محمد نواز شریف بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف بیلٹ اینڈ روڈ فورم (بی آر ایف) برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کی غرض سے کل چین روانہ ہوں گے، بین الاقوامی فورم 14 اور 15 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہو گا۔ چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ اور اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہو گا۔ بیلٹ اینڈ روڈ فورم ’’سلک روڈ اکنامک بیلٹ اور 21 ویں صدی بحری سلک روڈ‘‘ (او بی او آر) کا حصہ ہے جس کا اجراء چین کے صدر ژی جن پنگ نے 2013ء میں کیا تھا۔

بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں 27 ملکوں اور حکومتی سربراہان شریک ہوں گے۔ فورم کا مقصد باہمی تعاون کے ذریعے ترقی کو فروغ دینا ہے۔ بیلٹ اینڈ فورم اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تمام ملکوں کے رہنمائوں کی گول میز کانفرنس پر مشتمل ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف اعلیٰ سطح کے ڈائیلاگ کے علاوہ گول میز سیشن سے بھی خطاب کریں گے۔ بی آر ایف کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم نواز شریف اختتامی سیشن سے بھی خطاب کریںگے۔

بی آر ایف میں شرکت کے علاوہ وزیراعظم چین کے صدر اور وزیراعظم سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ اس موقع پر سی پیک منصوبوں سے متعلق متعدد معاہدوں اور ایم او یو پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ وزیراعظم فورم کے موقع پر دیگر ملکوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ چین میں قیام کے دوران وزیراعظم ہانگ ژو اور ہانگ کانگ بھی جائیں گے جہاں وہ انوسٹمنٹ کانفرنس میں شریک ہوں گے۔