وزیراعظم نوازشریف وفد کے ہمراہ چین کے چھ روزہ دورے پر روانہ ہوگئے- وزیراعظم پاکستان چینی قیادت اور دیگر ملکوں کے سربراہان سے ملاقات اور بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے‘کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا امکان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 12 مئی 2017 10:59

وزیراعظم نوازشریف وفد کے ہمراہ چین کے چھ روزہ دورے پر روانہ ہوگئے- وزیراعظم ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12مئی۔2017ء) وزیراعظم نوازشریف چین کے چھ روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اوردیگر اعلیٰ حکام بھی ہمراہ ہیں۔دورے میں نواز شریف چینی قیادت اور دیگر ملکوں کے سربراہان سے ملاقات اور بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے جس میں کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا امکان ہے۔

بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں 27 ملکوں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف ہانگ کانگ اور ہنگ زو کا بھی دورہ کریں گے جس میں وزیراعظم غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔سی پیک بیلٹ اینڈروڈ فورم کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس میں سی پیک سے متعلق کئی وزارتوں کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کی بھی توقع ہے جبکہ دورے کا اہم ایجنڈا،توانائی اور انفرااسٹرکچرکے منصوبے اور سرمایہ کاری کا فروغ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم 12 سے17 مئی کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیر اعظم نوازشریف چین کے صدر شی چن پنگ کی دعوت پرگئے ہیں۔ دورے کے دوران وزیر اعظم گول میز کانفرنس کے دو اجلاسوں سے خطاب بھی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔وزیر اعظم کا دورہ چین اس حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں وزیر اعظم کی چینی صدر سے اہم ملاقات بھی ہوگی جس میں سی پیک کے کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف چین کے دورے کے دوران ہینگ زو اور ہانگ کانگ بھی جائیں گے جہاں ان کی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت اور بزنس لیڈرز سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ یاد رہے کہ سرمایہ کاری کانفرنس مںیں پاکستان سمیت 29 ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔