وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی بیجنگ میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات

وزیراعلیٰ کا پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری کیلئے بھر پور تعاون پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے اظہار تشکر ترکی کی موجودہ ترقی آپکی ولولہ انگیز قیادت میں ترک حکومت کی انتھک محنت، جذبہ ایثار اور مثالی فراست کی آئینہ دار ہے‘شہبازشریف

ہفتہ 13 مئی 2017 20:29

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی بیجنگ میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بیجنگ میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی،جس میںباہمی دلچسپی کے امور،پاک ترک تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری کیلئے بھر پور تعاون پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے اظہار تشکر کیا ۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بیجنگ میں اپنے عزیز بھائی رجب طیب اردوان سے ملاقات کی دلی مسرت ہوئی ہے اورمیںاپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔پاک ترک عوام کے رشتے دلوں سے جڑے ہوئے ہیںاور ترکی اور پاکستان ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کرچل رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے رجب طیب اردوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی موجودہ ترقی آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں ترک حکومت کی انتھک محنت، جذبہ ایثار اور مثالی فراست کی آئینہ دار ہے اور آپ کی تاریخ ساز رہنمائی میں ترکی کاسابلانکا سے لیکر کوالالمپور تک ممالک کیلئے رول ماڈل بن چکا ہے۔

ترک عوام نے حالیہ ریفرنڈم میں آپ کی جرأتمندانہ قیادت کو ووٹ دے کرثابت کیا ہے کہ محنت، خدمت اور دیانت کی سیاست کا کوئی نعم البدل نہیںاور ترکی کے عوام نے آپ کی عظیم قیادت پر ایک بار پھر مہر تصدیق ثبت کی ہے - ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ لاہور کے دوران آپ نے میرا اور میرے وفد کا یادگار استقبال کیااور ہمارے لئے بے پناہ محبت، پیار اور خلوص کا اظہار کیا۔انہوںنے کہا کہ دورہ لاہور کے خوشگوارلمحات آج بھی یاد ہیں۔