ٹماٹر کی پنجاب میں وافر مقدار اور سستے نرخوں پر فراہمی جاری ہے ‘ترجمان محکمہ زراعت

منگل 16 مئی 2017 16:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2017ء) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ ٹماٹر کی پنجاب میں وافر مقدار اور سستے نرخوں پر فراہمی جاری ہے لہٰذا اس موقع سے فائدہ اٹھاکر ٹماٹر کو محفوظ بناکر چھ ماہ تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ پنجاب میں اپریل سے جون تک ٹماٹر وافر مقدار میں پیدا ہوتا ہے جو پورے ملک کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ٹماٹر کی پیسٹ بنا کر اسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

اسی طرح ٹماٹر کو فریز کرکے بھی مستقبل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ فریز کیا گیا ٹماٹر فریزر سے باہر نکال کر فوری طور پر استعمال کر لیا جائے۔ ٹماٹر کو محفوظ بنانا بہت آسان ہے۔ گھریلو خواتین تھوڑی سی محنت سے ٹماٹر گھر میں پیسٹ اور چٹنی کی شکل محفوظ رکھ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ ٹماٹر اپنی بھرپور غذائیت کی وجہ سے سبزیوں میں اہم مقام رکھتا ہے۔

اس میں حیاتین اے اور سی ، ریبوفلیون، تھایامین، تایاسین اور معدنی نمکیات ، لوہا، چونا، فاسفورس وغیرہ کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو صحت کو برقرار رکھنے کے لئے بہت ضروری ہیں۔ دنیا میں ٹماٹر کی اوسط پیداوار 10ٹن فی ایکڑ ہے جبکہ پاکستان کی اوسط پیداوار 4ٹن فی ایکڑ ہے۔ ٹماٹر پنجاب بھر میں کاشت ہوتا ہے لیکن مظفرگڑھ میں سب سے زیادہ رقبہ پر کاشت ہوتا ہے جبکہ گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ فی ایکڑ اوسط پیداوار ہے۔ ٹماٹر ہر گھر کے کچن کی اہم ضرورت ہے۔ ٹماٹر کی چٹنی، پیسٹ اور کیچپ وغیرہ بھی استعمال کی جاتی ہے۔ اس کی مصنوعات کی مانگ بیرونی ممالک میں دن بدن بڑھ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :