اوپی سی نے کینیڈا میں مقیم اوورسیز پاکستانی کو ایک کروڑ روپے مالیت گھر کا قبضہ دلوادیا

لاہورکی ہائوسنگ سوسائٹی نے مکمل ادائیگی کے 7 سال بعد بھی اوورسیز پاکستانی کو گھر کا قبضہ نہیں دیاتھا‘ افضال بھٹی

جمعرات 18 مئی 2017 16:47

اوپی سی نے کینیڈا میں مقیم اوورسیز پاکستانی کو ایک کروڑ روپے مالیت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2017ء) اوورسیز پاکستانیز کمیشن (اوپی سی)پنجاب نے کینیڈ ا میں مقیم اوورسیز پاکستانی کو ایک ہائوسنگ سکیم میں ایک کروڑ روپے مالیت کے 10 مرلہ کے گھر کا قبضہ دلوادیا ہے۔ کمشنر اوپی سی افضال بھٹی نے بتایا کہ کینیڈ ا کے رہائشی امتیاز الدین سراج نے کمیشن کو درخواست دی کہ انہوں نے 2010 میں لاہور کی ایک رہائشی سکیم میں 10 مرلے کا گھر بک کروایا جس کی قیمت ایک کروڑ روپے بھی ادا کردی ۔

(جاری ہے)

ہائوسنگ سوسائٹی نے گھر کا قبضہ تین سال میں دینا تھا لیکن 7 سال گزرنے کے باوجود گھر کا قبضہ نہیں مل سکا۔ہائوسنگ سکیم کی انتظامیہ باربار رابطوں کے باوجود انہیں گھر کا قبضہ دینے میں لیت ولعل سے کام لیتی رہی۔افضال بھٹی نے بتایا کہ اس شکایت کے بعد اوپی سی اور لاہور کٹونمنٹ بورڈ کے متعلقہ حکام نے مذکورہ ہائوسنگ سکیم کی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور اوورسیز پاکستانی امتیاز الدین سراج کو گھر کا قبضہ دلوادیا۔ افضال بھٹی نے بتایا کہ اوپی سی سمندرپارمقیم ہم وطنوں کے مسائل کے خاتمے کیلئے سرگرم عمل ہے اور ابتک ہزاروں شکایات کا ازالہ کیا جاچکاہے۔

متعلقہ عنوان :