گاجر بوٹی "کی فوری تلفی کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کافیصلہ

پیر 29 مئی 2017 13:38

گاجر بوٹی "کی فوری تلفی کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کافیصلہ
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء)محکمہ زراعت نے خطرناک جڑی بوٹی " گاجر بوٹی "کی فوری تلفی کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ اس ضمن میں سپیشل ٹیمیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیںجو مذکورہ جڑی بوٹی کی تلفی کیلئے تمام ممکن اقدامات یقینی بنائیں گی۔ محکمہ زراعت فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتایاکہ گاجر بوٹی انسانی صحت ، مویشیوں ، زراعت ، حیاتیاتی تنوع اور جنگلات کیلئے انتہائی خطرناک ہے جو فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں زرعی اراضی پر تیزی سے پھیل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت مذکورہ جڑی بوٹی کے خاتمہ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے رہاہے جو زراعت افسران ، فیلڈ اسسٹنٹ ، بیلداروں پر مشتمل ہوں گی ۔ انہوںنے بتایاکہ یہ ٹیمیں نہروں ، کھالوں، سڑکوں کے کنارے سے گاجر بوٹی کو جڑ سے اکھاڑ کر مٹی تلے دبانے اور ان کی تلفی کیلئے اقدامات یقینی بنائیں گی۔انہوںنے بتایاکہ خصوصی آگاہی مہم کے دوران کاشتکاروں ، زمینداروں ، زرعی کارکنان ، سول سوسائٹی ، این جی اوز ، ریونیو ، آبپاشی ، مواصلات ، لائیو سٹاک ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بھی گاجر بوٹی کے بارے میں آگاہی پیداکرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔