فوج کا مستونگ میں کامیاب آپریشن;کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے 12 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر

آپریشن میں پاک فوج کے 2 افسران سمیت 5 سکیورٹی اہلکاربھی زخمی ہوئے۔کالعدم تنظیم داعش سے رابطوں کی کوشش کر رہی تھی۔کامیاب آپریشن سے پاکستان میں داعش کا انفرا اسٹرکچر بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا بیان

جمعرات 8 جون 2017 11:49

فوج کا مستونگ میں کامیاب آپریشن;کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے 12 دہشت ..
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون 2017ء): پاک فوج نے مستونگ کے علاقہ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے نے مستونگ آپریشن کی مزید تفصیلات جاری کردی ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کوخفیہ ذرائع سے کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے 10سے15 دہشتگردوں کے غارمیں ہونے اطلاع موصول ہوئی تھی۔

غار مستونگ سے 36کلومیٹر جنوب مشرق میں اسپلنگی کے قریب تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں پاک فوج کے کامیاب آپریشن سے کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے دو خود کش بمبار سمیت 12 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے 2 افسران سمیت 5 سکیورٹی اہلکاربھی زخمی ہوئے۔آپریشن میں 4اسنائپررائفلز،38کمیونیکیشن سیٹس اورمختلف اقسام کابارودی موادبرآمد بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

آپریشن میں مارے گئے دہشتگردوں میں مولانا عبدالغفور حیدری پر حملہ میں ملوث دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ دوران آپریشن غار میں چھُپے دہشتگردوں نے مزاحمت کی۔ آپریشن والے علاقہ میں 250 میٹر طویل کھائی اور غاریں آڑے آئیں۔ سکیورٹی فورسزنے غار میں آئی ای ڈی بنانے کا مرکز تباہ کیا۔ مزید برآں کارروائی کے دوران 50 کلو دھماکہ خیز مواداور 3خود کش جیکٹس بھی برآمد ہوئیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کالعدم تنظیم داعش سے رابطوں کی کوشش کر رہی تھی۔کالعدم تنظیم داعش کو بلوچستان میں سہولیات پہنچانے کی کوشش کررہی تھی۔ پاک فوج کے مستونگ میں کامیاب آپریشن سے پاکستان میں داعش کا انفرا اسٹرکچر بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔دہشتگردوں کے خلاف آپریشن 10 روز جاری رہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی کمین گاہیں کلئیر کروانے کے لیے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ پاک فوج کے کامیاب آپریشن پرآرمی چیف نےسدرن کمانڈ،انٹیلیجنس ایجنسیز اورپاک فوج کے دستوں کوسراہا۔