سورج مکھی کی فصل کی کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ادارہ ایوب ریسرچ

جمعہ 9 جون 2017 12:54

سورج مکھی کی فصل کی کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2017ء) سورج مکھی کی فصل کٹائی کیلئے پک کرتیار ہو گئی ہے لہٰذا کاشتکار اس فصل کی بڑھوتری کے تمام مراحل مکمل ہونے پر کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب سورج مکھی کے پھول کی پشت کا رنگ سبز سے سنہری ہوجائے، پھولوں کی پتیاں جلد خشک اور سبز پتیاں بھوری ہوجائیں تو فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں اوراس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں اور سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کرلیں ۔انہوںنے کہاکہ زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کیلئے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کیاجائے اور اگر فصل قبل ازوقت برداشت کرلیں تو دانے پچک جاتے ہیں ،ان کے وزن میں کمی آجاتی ہے اور کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔اسی طرح اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔