محکمہ زراعت نے آم کے باغبانوں کو مادہ مکھی کے تدارک کیلئے پروٹین ہائیڈرو لائزیٹ کرنے کی ہدایت کر دی

ہفتہ 10 جون 2017 15:47

محکمہ زراعت نے آم کے باغبانوں کو مادہ مکھی کے تدارک کیلئے پروٹین ہائیڈرو ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء)محکمہ زراعت نے آم کے باغبانوں کو مادہ مکھی کے تدارک کیلئے پروٹین ہائیڈرو لائزیٹ کااستعمال ماہرین زراعت کے مشورے سے کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ باغبان پھل کی مکھی کے تدارک میں کسی غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ پاکستانی آم اعلیٰ معیار ، ذائقے ، لذت ، غذائیت کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کی منفرد پہنچان ہے جبکہ آم کی برآمد سے ہرسال ملک کو قابل لحاظ زرمبادلہ بھی حاصل ہوتاہے مگر پھل کی مکھی کے حملہ کے باعث آم کا معیار بری طرح متاثر ہوتاہے جس کا تدارک ناگزیر ہے۔

ایک ملاقات کے دوران محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ پھل کی مکھی گھریلو مکھی سے جسامت میںذرابڑی ہوتی ہے اور بالغ مکھی کی رنگت سرخی مائل بھوری ، پرشفاف ، ٹانگوں کارنگ زرد اور دھڑ پر پیلے رنگ کی لمبی دھاریاں ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ مادہ مکھی پھل کے اندر ڈنگ کے ذریعے انڈے دیتی ہے جن سے نکلنے والی چھوٹی سنڈیاں پھل کو اندر سے کھا کر نقصان پہنچاتی ہیں جس سے پھل کا معیار بری طرح متاثر ہوتاہے۔ انہوںنے کہاکہ آم کے باغات میںپھل کی مکھی کے کنٹرول کیلئے اس کے دیگر میزبان پودوں ترشاوہ پھلوں ، امرود ، بیر ، پپیتے ، بینگن ، بیل والی سبزیوں ، جڑی بوٹیوںپر بھی پھل کی مکھی کا تدارک ضروری ہے۔