آئی بی کے ڈائریکٹرجنرل نے پاناماکیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی ارکان کے کوائف اکٹھے کرنے کا اعتراف کرلیا- پاناما کیس بڑا اہم اوراس کے ملکی سیاست پر بڑے اثرات پڑرہے ہیں۔ وفاقی انٹیلی جنس ادارے نے جے آئی ٹی ارکان کے کوائف جمع کیے تاہم کسی کو ہراساں نہیں کیا گیا- ڈائریکٹرجنرل آئی بی آفتاب سلطان کا سپریم کورٹ میں جواب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 17 جون 2017 12:48

آئی بی کے ڈائریکٹرجنرل نے پاناماکیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی ..
 اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جون ۔2017ء) وفاقی انٹیلی جنس ادارے آئی بی کے ڈائریکٹرجنرل آفتاب سلطان نے پاناماکیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی ارکان کے کوائف اکٹھے کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔وفاقی انٹیلی جنس ادارے آئی بی کے ڈائریکٹرجنرل آفتاب سلطان نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں پاناما جے آئی ٹی ارکان کے کوائف اکٹھے کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

آفتاب سلطان نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ آئی بی سرکاری اعلی عہدوں پرتعینات سرکاری ملازمین کا ڈیٹا اکٹھا کرتی ہے، پاناما کیس بڑا اہم اوراس کے ملکی سیاست پر بڑے اثرات پڑرہے ہیں۔ اس لیے وفاقی انٹیلی جنس ادارے نے جے آئی ٹی ارکان کے کوائف جمع کیے تاہم جے آئی ٹی کے کسی بھی رکن کو ہراساں یا ان کی نجی زندگی میں مداخلت نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی بی کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رکن بلال رسول اوران کی اہلیہ کوہراساں نہیں کیا گیا، بلا ل رسول اور ان کے اہل خانہ کے سوشل میڈیا اکاو¿نٹس ہیک کرنے کا بھی الزام غلط ہے، جے آئی ٹی ارکان کے حوالے سے معلومات جمع کرنے کے عمل کا افشا ہونا تشویش ناک ہے۔

آئی بی نے اس حوالے سے موثرانداز میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔واضح رہے کہ پاناما جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں سرکاری اداروں کی جانب سے تحقیقاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے، سرکاری دستاویزات میں رد وبدل اورجے آئی ٹی ارکان کو دھمکیاں دینے کی شکایت کی ہے۔