Live Updates

شیخ وقاص اکرم بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپنی نامزدگی سے لاعلم

شیر افضل مروت پارٹی کے اسٹار ہیں، پی ٹی آئی اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے، نئے تنازعے میں نہ خود پڑتا ہوں نہ پارٹی کو ڈالنا چاہتا ہوں۔ رکن قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 مئی 2024 17:17

شیخ وقاص اکرم بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپنی نامزدگی سے لاعلم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیخ وقاص اکرم بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپنی نامزدگی سے لاعلم نکلے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ چئیرمین پی اے سی کا معاملہ میرے علم میں نہیں، یہ پارٹی اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، میں کسی نئے تنازعے میں نہ خود پڑنا چاہتا ہوں نہ پارٹی کو ڈالنا چاہتا ہوں، تنازعات افواہ بھی ہوئے تو نقصان ہوگا، شیر افضل کو کسی نے مسترد نہیں کیا وہ پارٹی کے اسٹار ہیں، عمران خان کا جو حکم ہوگا اس کی تعمیل کریں گے، بانی پی ٹی آئی اتھارٹی ہیں ان کا فیصلہ میرے اور مروت کیلئے قابل احترام ہوگا۔

جب شیخ وقاص اکرم سے سوال کیا گیا کہ ’کیا گندم اسکینڈل کا معاملہ پی اے سی میں لائیں گے؟‘ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ جو بھی ہوا وہ سب سامنے لائیں گے، اصلاح کریں گے اور پچھلی حکومتی اقدامات سامنے لانے چاہئیں لیکن عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ فتح مکہ ماڈل پر جائیں گے انتقام نہیں لیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ میں عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان نے نہ تو پی اے سی کے فیصلے کو سیاسی کمیٹی کو فیصلے یا ووٹنگ کے لیے ریفر کیا اور نہ ہی اب تک اپنا فیصلہ تبدیل کیا ہے، مجھے نہ تو سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور نہ ہی اس کے ایجنڈے میں ایسی کوئی چیز تھی، پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے راجواڑہ نہیں اور میں اسے ہائی جیک نہیں ہونے دوں گا، میں کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروں گا اور ان کے نام پر ہونے والے فراڈ سے آگاہ کروں گا، کل عمران خان سے ملاقات کے بعد آپ سب کو آگاہ کروں گا۔

شیر افضل مروت کا یہ ردعمل ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری دے دی ہے، میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کو ہٹانے کے لیے عمر ایوب اور شبلی فراز نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا، اجلاس میں شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے لیے ووٹنگ کرائی گئی، مذکورہ اجلاس میں پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے فیصلے سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آگاہ کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات