Live Updates

نواز شریف اور عمران خان کے ایک جیسے کیسز ہیں دونوں نااہل ہوں گے اور گھر جائیں گے، خورشید شاہ

ہم پر الزامات لگانے والے پہلے اپنی جان چھڑائیں، سکھر میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 17 جون 2017 22:58

نواز شریف اور عمران خان کے ایک جیسے کیسز ہیں دونوں نااہل ہوں گے اور ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2017ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان کے ایک جیسے کیسز ہیں دونوں نااہل ہوں گے اور گھر جائیں گے، ہم پر الزامات لگانے والے پہلے اپنی جان چھڑائیں، ہفتے کے روز سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پانامہ کیس میں جے آئی ٹی اپنا کام کر رہی ہے، میاں صاحب کبھی جے آئی ٹی پر الزامات لگاتے ہیں اور کبھی پیپلزپارٹی پر الزامات لگاتے ہیں، شہباز شریف اداروں پر الزامات لگا کر ادروں کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا پیپلزپارٹی پر الزامات لگانے والے پہلے اپنی جان چھڑائیں، انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس اور میاں صاحب کے اثاثوں کا سب کو پتہ ہے، خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی خارجہ پالیسی قطعا ناکام ہے، سعودی عرب اور قطر دونوں ہم سے ناراض ہیں، پاکستان کیلئے اس وقت سب سے اہم عرب ممالک کا اتحاد ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ قطر کے پاکستان سے اہم تعلقات ہیں، قطر نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، قطر نے مشکل وقت میں میاں نواز شریف کو خط بھی دیدیا ہے، نواز شریف کے پاس جے آئی ٹی کو پیش کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے، قطری خط اور باقی دستاویزات کا پہلے کوئی ذکر نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ کہیں سے ڈور ہل رہے ہے تو وزیراعظم قومی قیادت کو اعتماد میں لیں، قومی قیادت کو بتایا جائے کہ ڈور کون ہلا رہا ہے، ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان کے کیسز ایک جیسے ہیں دونوں نااہل ہو سکتے ہیں اور گھر جائیں گے۔

(وقار)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات