پی ٹی آئی کرپشن کے خلاف جنگ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی‘عبدالعلیم خان

احتساب کے عمل کو سازش قراردینے والے حواری اپنی باری آنے سے ڈر رہے ہیں‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

پیر 19 جون 2017 18:46

پی ٹی آئی کرپشن کے خلاف جنگ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کرپشن کیخلاف جنگ میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی،احتساب کے عمل کو سازش قرار دینے والے نواز خاندان کے حواری اپنی باری آنے سے ڈر رہے ہیں۔عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کیخلاف پی ٹی آئی کی جنگ فیصلہ کن موڑ پر ہے، آئندہ نسلوں کو بدعنوانی سے پاک معاشرہ دینے کیلئے احتساب کے عمل کا مکمل ہونا اور ملکی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک میں ن لیگ کے حواری میڈیا پر اپنے بیانات میں بھرپور کوشش کرتے ہیں کہ کسی طرح احتساب کے عمل کو متنازعہ اور جمہوریت کیخلاف سازش ثابت کردیا جائے، کرپشن کی بہتی گنگا میں نواز خاندان ہی نہیں بلکہ درباریوں نے بھی جی بھر کر ہاتھ دھوئے ہیں،اب سارے خوفزدہ ہیں کہ ان کی باری بھی آئے گی۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ کرپشن سے بھرپور حکومتی منصوبوں پر پی ٹی آئی کا وائٹ پیپر ایک ایسا آئینہ ہے جس میں کئی گھنائونے نے چہرے نظر آئیں گے،میٹرو بس،اورنج ٹرین، سستی روٹی،آشیانہ سکیم اور پیلی ٹیکسی جیسے ناکام منصوبوں میں کمیشن خوری کیلئے اربوں کا قومی سرمایہ بے دریغ لٹایا گیا، میرٹ کیخلاف من پسند افراد کی بھرتیوں اور بدعنوانی کی وجہ سے سٹیل ملز، پی آئی اے،پاور کمپنیوں سمیت کئی ادارے سفید ہاتھی بن چکے، وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان کی تلاشی سے شروع ہونے سلسلہ کرپشن کیخلاف ملک گیر مہم کی بنیاد بنے گا، ناکام منصوبوں سے مال کمانے والوں کو بھی جوابدہ ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ملزم مدعی اور مظلوم بننے کی کوشش کررہے ہیں،عوام کرپشن اور ناانصافیوں پر شدید اذیت کا شکار ہیں،ان حالات میں قومی کرکٹ ٹیم نے مایوس قوم کے چہرے پر خوشیاں بکھیر دیں،حکمران بھی سبز شرٹس پہن کر توجہ کرپشن سے ہٹانے کا ڈرامہ کرتے رہے لیکن باشعور لوگ عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا، محرومیوں کا شکار لوگ احتساب ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔