پنجاب میں سیلاب نے تباہی پھیلانا شروع کردی-جھنگ‘حافظ آباد اور بہاولپور کے درجنوں دیہات زیرآب آگئے-سینکڑوں ایکٹر پر کھڑی کپاس کی فصل تباہ-ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 3 جولائی 2017 11:10

پنجاب میں سیلاب نے تباہی پھیلانا شروع کردی-جھنگ‘حافظ آباد اور بہاولپور ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 جولائی۔2017ء) پنجاب کے شہروں جھنگ‘حافظ آباد اور بہاولپور کے نواحی علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے اور درجنوں دیہاتوں میں پانی داخل ہونے سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔ملک بھر میں ہونے والی مون سون کی بارشوں کے بعد پنجاب میں سیلاب نے تباہی مچانا شروع کردی۔پانی کے بہاﺅاور دریاوں کی سطح میں اضافہ ہوا تو بہاولپور میں ہیڈ سمہ سٹہ کے قریب کینال سکس ایل برانچ میں 20 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔

سینکڑوں ایکڑ پر پھیلی کپاس کی فصل زیر آب آگئی۔بہاولپور کی بستی سپرواں اور ڈھورے وال کی آبادی میں بھی پانی داخل ہونے سے کچے پکے مکان شدید متاثر ہوئے۔جھنگ میں بھی ڈیڑھ لاکھ کیوسک کے ریلے نے نواحی علاقوں میں تباہی مچادی۔

(جاری ہے)

کئی علاقوں میں دریا کے کٹاﺅ کے باعث لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

یاد رہے کہ مون سون کی بارشیں شروع ہونے کے بعد انتظامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم گزشتہ 2 روز میں پنجاب کے کئی نواحی علاقے اور دیہات سیلاب سے متاثر ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز رنگ پور میں دریائے چناب کی نشیبی بستیوں کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے بندوں میں جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے جس سے پانی آبادی میں داخل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔چنیوٹ میں بھی سیلابی ریلے سے 15 سے زائد گا ﺅں متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔سیلابی ریلوں نے تیار فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے جس سے غذا کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ادھر محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے صوبہ پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سیلاب کے خدشے کا اظہار کیا ہے-

متعلقہ عنوان :