کاشتکاروں کو سویابین کی کاشت رواں ماہ کے آخری ہفتہ میں شروع کرنے کی ہدایت

پیر 3 جولائی 2017 14:51

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2017ء)تیلدار اجناس کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو سویابین کی کاشت رواں ماہ جولائی کے آخری ہفتہ میں شروع کرکے اگست کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ فیصل سویا بین اور اجمیری سویابین کاشت کرکے 20 سی25من تک فی ایکڑ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے مذکورہ سفارش کردہ اقسام کے بارے میں بتایاکہ فیصل سویابین نامی قسم پنجاب کے تمام آبپاش علاقوں میں کاشت کی جاسکتی ہے جس کی تھوڑی سے احتیاطی تدابیر اختیارکرکے 25من فی ایکڑ تک پیداوار لی جاسکتی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ یہ قسم پنجاب کے زیادہ بارش والے پوٹھوہار کے علاقوں میں بھی بآسانی کاشت کی جاسکتی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ اجمیری سویا بین نامی قسم پنجاب کے بارانی علاقوں راولپنڈی ، جہلم ،چکوال ،سیالکوٹ وغیرہ میں انتہائی کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے جس کی فی ایکڑ پیداوار 20 من تک ہے نیز اسے پنجاب کے نہری علاقوں میں کاشت کرکے بھی بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ سویا بین کو سنگل رو ڈرل سے قطاروں میں تر وتر میں کاشت کرتے ہوئے قطاروں کا درمیانی فاصلہ 30سی45سینٹی میٹر اور شرح بیج30سے 35کلوگرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ بہتر ہے کہ بیج کو تھائیو فائینیٹ میتھائل یا مینکو زیب گروپ کی کوئی بھی زرعی ادویات دو سے اڑھائی گرام فی کلو گرام کے حساب سے لگا کر کاشت کیاجائے تاکہ اسے مختلف بیماریوںسے بچانا ممکن ہوسکے۔